اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد نے جمعے کو مشرقی شام میں واقع دیرالزور کے مضافاتی علاقے الکشکیہ پر حملہ کر دیا جس میں دس عام شہری جاں بحق ہو گئے جن میں چار بچے شامل ہیں۔
سانا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے جنگی طیاروں نے جمعرات کو شام کے مشرقی علاقے دیرالزور کے الشعفہ شہر پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں گیارہ شہری جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں بھی دیرالزور کے ایک علاقے پر امریکی اتحادی جنگی طیاروں کے حملے میں سترہ عام شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔ امریکی اتحاد کے جنگی طیارے حالیہ ہفتوں کے دوران صوبے دیرالزور کے مختلف علاقوں منجملہ ہجین پر بارہا بمباری کرتے رہے ہیں جس میں درجنوں عام شہری جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی اتحاد کی جانب سے ان حملوں میں بعض اوقات فاسفورس بموں کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شام کی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام مراسلوں میں بارہا امریکی اتحاد کے حملے بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دہشت گرد گروہوں نے شامی فوج کے مقابلے میں شکست کھانے کے بعد ہونے والی مفاہمت کے تحت ادلب منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تاہم وہ اس علاقے سے اطراف کے علاقوں منجملہ ادلب کے جنوب میں واقع حماہ پر حملہ کرتے تھے جس کے بعد شامی فوج نے حماہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تہس نہس کر دیا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ شامی فوج ادلب کو آزاد بھی کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب شامی فوج نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ادلب کے مغربی مضافاتی علاقوں ناجیہ اور بداما میں ترکستانی دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
شامی فوج نے مغربی شام میں اللطامنہ کے مشرقی علاقوں میں بھی العزہ سے موسوم دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں کو بھی تباہ اور اس گروہ کی پیش قدمی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲